Monday, July 12, 2021

ہم____نام____اکابر

0 comments

 


ملا عبد القادر بدایونی "منتخب التواریخ" کے مصنف اور ہندوستان کے پہلے "مفتی اعظم" تھے جب کہ علامہ عبد القادر بدایونی علیہ الرحمه علامہ فضل رسول بدایونی علیہ الرحمه (مصنف: المعتقد المنتقد) کے فرزند اور خانقاہ قادریہ بدایوں شریف کے جید عالم دین گزرے ہیں۔ 


علامہ شاہ عبد العزیز محدث دہلوی علیہ الرحمه امام شاہ ولی اللہ محدث دہلوی علیہ الرحمه کے فرزند و جانشین ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے وقت کے مجدد، مفسر، محدث اور بلند پایہ مدرس تھے نیز "تفسیر عزیزی" اور تحفہ اثنا عشریہ" جیسی مشہور زمانہ کتابوں کے مصنف بھی تھے جب کہ علامہ شاہ عبد العزیز محدث مرادآبادی علیہ الرحمه کا نام شاہ عبد العزیز محدث دہلوی کے نام پر رکھا گیا آپ جامعہ اشرفیہ مبارک پور جیسی عظیم الشان اسلامک یونیورسٹی کے بانی اور "ارشاد القرآن" کے مصنف تھے۔ 


اسی طرح مولانا حشمت علی رضوی بریلوی علیہ الرحمه امام احمد رضا محدث بریلوی علیہ الرحمه کے خلیفہ اور "تفسیر رضوی" کے مصنف تھے جب کہ مولانا حشمت علی خان لکھنوی علیہ الرحمه امام احمد رضا کے شاگرد اور اپنے وقت کے مشہور مناظر اہل سنت تھے۔ 


علامہ غلام جیلانی میرٹھی علیہ الرحمه "بشیر القاری شرح صحیح البخاری" اور "البشیر الکامل شرح مأۃ عامل" جیسی مایہ ناز کتابوں کے مصنف اور عظیم مدرس تھے جب کہ علامہ غلام جیلانی اعظمی علیہ الرحمه دارالعلوم فیض الرسول براؤں شریف کے شیخ الحدیث تھے۔


شیخ الحدیث علامہ عبد المصطفیٰ اعظمی مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمه کے شاگرد اور سیرة المصطفیٰ ﷺ کے مصنف تھے جب کہ شیخ الحدیث علامہ عبد المصطفیٰ اعظمی ازہری علیہ الرحمه مفتی امجد علی اعظمی کے شاگرد ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے فرزند بھی تھے نیز جامعہ امجدیہ کراچی کے شیخ الحدیث اور "تفسیر ازہری" کے مصنف بھی تھے۔ 


علامہ غلام رسول رضوی علیہ الرحمه پاکستان کی مشہور و معروف درس گاہ جامعہ نظامیہ رضویہ لاہور کے بانی اور "تفہیم الفرقان" اور "تفہیم البخاری" کے مصنف تھے جب کہ علامہ غلام رسول سعیدی علیہ الرحمه جامعہ نعیمیہ کراچی اور جامعہ نعیمیہ لاہور میں تقریبا نصف صدی تک درس حدیث دیتے رہے نیز "تبیان القرآن" (١٣ جلدیں)، "تفسیر تبیان الفرقان" (۴ جلدیں)، "نعمة الباری شرح صحیح البخاری" (١٧ جلدیں) اور "شرح صحیح مسلم" (٨ جلدیں) بھی تصنیف فرمائیں۔ 


علامہ ارشد القادری بلیاوی علیہ الرحمه "دعوت اسلامی" ( جو کہ اس وقت پوری دنیا میں احیاء سنت کا کام کر رہی ہے) کے بانی اور "زلزلہ"، "لالہ زار" اور "زیر و زبر" جیسی مقبول زمانہ کتابوں کے مصنف تھے جب کہ پاکستان کے علامہ ارشد القادری حفظہ اللہ "فیوض النبی شرح جامع الترمذی" کے مصنف ہیں۔ 


مولانا محمد احمد مصباحی اعظمی علیہ الرحمه علامہ مفتی عبد المنان اعظمی مبارک پوری علیہ الرحمه کے فرزند تھے اور جامعہ اشرفیہ کے فضلا میں سب سے پہلے اپنے نام کے ساتھ مصباحی لگانے والے فاضل بھی تھے جب کہ علامہ محمد احمد مصباحی اعظمی حفظہ اللہ جامعہ اشرفیہ کے سابق صدر المدرسین اور موجودہ ناظم تعلیمات ہیں نیز "حدوث الفتن وجہاد اعیان السنن" کے مصنف آپ ہی ہیں۔

0 comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔